کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کیلئے42 کروڑ 25 لاکھ روپے کی پہلی قسط جاری کردی ہے، اس بات کا اعلان وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کو سندھ بجٹ میں کیا۔ اسٹیڈیم کیلئے 84 کروڑ50لاکھ روپے مختص کئے ہیں، سندھ گیمز کیلئے رقم میں 10سے بڑھا کر15کروڑاور کھیلوں کیلئے 20سے بڑھا کر30کروڑ روپے کردی گئی ہے۔ تھر جیپ ریلی کیلئے دس کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ دریں اثنا صوبائی اسپورٹس ایسوسی ایشنوں نے بجٹ پر اظہار مایوسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسوسی ایشنوں کیلئے بڑی گرانٹ رکھی گئی اور نہ ہی کوئی اہم اعلان کیا گیا ہے، ایسوسی ایشنوں کو دس سال سے گرانٹ جاری نہیں کی جارہی ہے، کھیلوں کی ترقی کیلئے بڑھائی گئی رقم سے براہ راست کھیل اور کھلاڑیوں کو فائدہ نہیں ہوگا، اداروں میں کھیلوں کے شعبوں اور ٹیموں کی بحالی کیلئے کوئی اعلان نہیں کیا گیا، حکومت اس جانب توجہ دے۔