اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں سینکڑوں قدیم اور قیمتی درختوں کی کٹائی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، بلین ٹری سونامی کے دعوئوں میں قدیم اور قیمتی درختوں کی کٹائی کیسے ہوئی، حقائق قوم کے سامنےلائیں گے۔بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی ریڈیو پاکستان کے درخت کھا گئی، بلین ٹری کرپشن سونامی سے ریڈیو پاکستان کے درختوں کی کٹائی کے ثبوت برآمد ہوئے ہیں، بظاہر لگتا ہے کہ یہ ساری کارروائی مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر عمل میں آئی۔