• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پی ٹی آئی کی ن لیگ کو ٹف ٹائم دینے کی منصوبہ بندی؟

سابق وزیراعظم، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیانئے کو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مقبولیت ملتی جا رہی ہے، مہنگائی نئی حکومت کی مقبولیت کو دیمک کی طرح چاٹتی جا رہی ہے ، اوپر سے حکومت کے معاشی ذمہ داران و ماہرین کے سبسڈی ختم کرنے، پٹرولیم مصنوعات و توانائی کی قیمتوں کو بڑھانے کے حوالے سے تلخ بیانات عوام پر مہنگائی کی آگ جلتی پر تیل کا کام کر رہی ہے۔ 

مسلسل بڑھتی ہوئی پٹرول و بجلی کی قیمت نے نئی حکومت کو معاشی چیلنج میں الجھا رکھا ہے۔ 2ماہ گزر جانے کے باوجود حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے میں ناکام ہے پنجاب کے بجٹ کے حوالے سے بھی حمزہ شہباز کی حکومت کو مشکلات کا سامنا رہا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی عمران خان کے ساتھ الحاق کو ایمانداری سے نبھا رہے ہیں حکومت کو مسلسل ٹف ٹائم دے رہے ہیں، لانگ مارچ کے تناظر میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پنجاب کی تنظیم سازی کرنے کے ساتھ پنجاب حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینے کیلئے (ق) لیگ کے ساتھ مل کر نئی منصوبہ بندیاں کر رہے ہیں۔

ضمنی انتخابات کی ٹکٹوں کا فیصلہ بھی ذرائع کے مطابق عمران خان کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ سیاسی ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت کے گراف میں روز بروز اضافہ تو ہو رہا ہے لیکن اس کے ساتھ پی ٹی آئی کی اندرونی لڑائیوں کو ختم کرنے کیلئے عمران خان نے توجہ دینی شروع کر دی ہے۔ پنجاب کی تنظیم میں کی جانے والی حالیہ تبدیلیوں سے یہ صاف ظاہر ہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کوشش کرنے والوں کو پنجاب کی ذمہ داریاں دے دیں ہیں سیاسی مبصرین کا کہناہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی قیادت پر گہری نظر رکھی ہوئی تھی عمران خان کو معلوم ہے کہ کون کون پولیس سے ساز باز کرکے خود ہی گرفتار ہو گئے تھے اور کن کن لوگوں نے ڈنڈے سوٹے کھائے، آنسو گیس کے شیل کھائے، گاڑیاں تڑوائیں، چوٹیں کھائیں ، زخمی ہوئے۔ 

عمران خان کو سب معلوم ہے جس کی واضح مثال ہے کہ پنجاب سنٹرل پنجاب کی صدارت اس خاتون لیڈر کے حوالے کیں جس نے لانگ مارچ میں تمام تر سختیوں کا سامنا کیا قیمتی گاڑی تڑوا لی لیکن خود کو گرفتار نہیں ہونے دیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد ان کی ساتھی عندلیب عباس اور ان کی باقی ٹیم نے ڈٹ کر پولیس کے ڈنڈے سوٹوں کا مقابلہ کیا لیکن کوشش کی کہ کسی طرح سے راوی پار کر جائیں لیکن لاہور پولیس نے آئی جی پنجاب رائو سردار علی کی کمانڈ میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی نگرانی میں ڈی آئی جی آپریشن کیپٹن ریٹائرڈ سہیل نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی لاہور تنظیم کو راوی پار نہیں جانے دیا۔ 

حکومت کی ہدایات کے مطابق لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنے کیلئے انتہائی اقدام اٹھا کر لانگ مارچ کے شرکاء کو ٹف ٹائم دیا تھا دوسرا میاں حماد اظہر کو جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب پی ٹی آئی کی ذمہ داری دی ہے۔ میاں حماد اظہر نے بھی پولیس اور رکاوٹوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا عمران خان کی کال کو ہر ممکن پورا کرنے کی کوشش کی، آنسو گیس شیل کھائے، اپنی گاڑی تڑوائی اور پولیس کے شدید لاٹھی چارج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، سر پھٹ جانے سے شدید زخمی ہو گئے لیکن گرفتاری نہیں دی، کارکنان کے حوصلے بلند رکھے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ میاں حماد اظہر نوجوان سیاسی لیڈر ہیں جن کی سیاسی ترتیب ان کے والد سابق گورنر پنجاب میاں اظہر نے کی ہے اور اب عمران خان کے زیر تربیت ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کے ساتھ مل کر (ن) لیگ کو پنجاب میں ٹف ٹائم دیں گے۔ عندلیب عباس سیکرٹری اطلاعات سنٹرل پنجاب کیلئے بہترین چوائس ہے عندلیب عباس میڈیا مینجمنٹ اور امیج بلڈنگ کی ماہر جانی جاتیں ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس لانگ مارچ کی رکاوٹوں نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف صرف پڑھی لکھی ممی ڈیڈی جماعت نہیں ہے اصلی انقلابی لوگ ہیں۔ 

پی ٹی آئی لیڈروں کارکنان خواتین ورکرز نے لانگ مارچ میں پولیس کے بہیمانہ تشدد کا ڈٹ کا مقابلہ کرکے دنیا کی تمام تر غلط فہمیاں دور کر دیں ہیں کہ پی ٹی آئی اب اپنے حق کیلئے پاکستان کیلئے اپنے لیڈر کے لئے مار کھا سکتے اور مار بھی سکتے ہیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے جس کا اظہار آئندہ چند روز میں سامنے آ جائے گا۔ یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی کو تیز کر دیا گیا ہے پی ٹی آئی کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ عنقریب مزید تبدیلیاں متوقع ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عنقریب پنجاب میں ایک بڑی سیاسی جنگ شروع ہونے والی ہے جس کے نتیجے میں آئندہ الیکشن وقت سے قبل ہونے کا قوی امکان ہے۔

تجزیے اور تبصرے سے مزید
سیاست سے مزید