• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے اپنی کرسی بچانے کیلئے بدترین فیصلے کئے، شاہد خاقان

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی کرسی بچانے کیلئے بدترین فیصلے کئے، ماہر معیشت اکبر زیدی نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے بھی معیشت چند دنوں کیلئے ہی سنبھلے گی ، معاشی بحران صرف عمران خان کی حکومت کی وجہ سے نہیں ماضی کی کئی حکومتوں کی وجہ سے ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی مسائل کے ساتھ سیاسی دباؤ کا بھی شکار ہے، سخت معاشی فیصلوں کے باعث حکومت کو عوامی تنقید کا سامنا ہے لیکن آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے کی خبر نہیں آرہی، پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 8.9ارب ڈالرز پر آگئے ہیں جو خطرناک سطح ہے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ عمران خان کہہ دیں وہ بہتان تراشی کی سزا بھگتنے کو تیار ہیں تو ہم سازش کے الزام کی تحقیقات کروانے کو تیار ہیں، عمران خان حکومت میں تھے تو کچھ نہیں کیا اب کہتے ہیں میرے خلاف سازش ہوگئی،روس سے تیل آ جائے تب بھی پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے، پرائیویٹ سیکٹر کو تیل درآمد کرنے کی مکمل اجازت ہے،عمران خان کو پارلیمان چھوڑنی تھی تو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں کیوں بیٹھے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج معیشت سے نمٹنے کی ضرورت ہے جو چار سال کی غفلت سے تباہ ہوئی، عمران خان نے اپنی کرسی بچانے کیلئے بدترین فیصلے کیے، عمران خان وہ کررہے تھے جو دنیا کا کوئی ملک نہیں کرسکتا،آج ایک خط ملا ہے جس میں شوکت ترین کا اعتراف ہے کہ 466ارب روپے تیس جون تک خرچ کریں گے، عمران خان اپنی چار سال کی کارکردگی لوگوں کے سامنے رکھیں۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارے مشکل فیصلے عمران خان کی کارکردگی اور لاپرواہی کی وجہ سے ہے، عمران خان بتادیں انہوں نے کون سے مشکل فیصلے لیے ہیں، عمران خان پاور سیکٹر میں ڈھائی ہزار ارب روپے کا گردشی قرضہ چھوڑ کر گئے، ہم مشکل وقت میں حکومت میں آئے معیشت کو استحکام دیں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کوئی بھی ملک قیمت خرید سے کم پر تیل نہیں بیچ سکتا ہے،روس کہتا ہے عمران خان نے سستے تیل پر بات ہی نہیں کی، خام تیل حکومت نہیں ریفائنریز خود درآمد کرتی ہیں، ریفائنریز کو روس سے تیل درآمد کرنے میں فائدہ ہوا تو وہ کرلیں گی، عمران خان روس سے سستا تیل لاسکتے ہیں تو لے آئیں، روس سے تیل آ جائے تب بھی پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
اہم خبریں سے مزید