راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ 2022ء گزشتہ روز شروع ہو گئے ۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر محمود اعوان کے مطابق کمشنر/چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی نورالامین مینگل کی ہدایت کی روشنی میں تمام انتظامات مکمل‘ تمام سنٹروں پر امتحانی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ 173امتحانی سنٹر اور 33 سنٹرحساس قرار دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 58ہزار 286 امیدوارشامل امتحان ہیں جن میں سے 48ہزار 583ریگولر جبکہ 9703پرائیویٹ ہیں۔ شکایات کے بروقت ازالے کیلئے ضلعی سطح پر چار کنٹرول رومز اور بورڈ کے اندر ایک سنٹرل کنٹرول روم تشکیل دیا گیا ہے‘ اسکے علاوہ مختلف انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں چیئرمین سکواڈ، سپیشل سکواڈ، موبائل انسپکٹرز اور بورڈ اہلکار و افسران بھی امتحان کو شفاف بنانے کیلئے دوران امتحان ہر سنٹر پر تعینات ہونگے۔ کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ امتحانات کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں‘ تمام انتظامات کی نگرانی کمشنر/چیئرمین خود کر رہے ہیں۔