• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے فیٹف پر کچھ نہیں کیا اس میں کردار اسٹیبلشمنٹ کا ہے، رانا ثناء اللہ

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے اس پر ہمار ااحتجاج بھی ٹھیک تھا پی ٹی آئی کا بھی صحیح ہے، فیٹف کے معاملہ پر خوشی کی بات نہیں ہے ابھی تک ہمیں گرے لسٹ سے نہیں نکالا گیا،فیٹف کے معاملہ پر مبارکباد دینے والوں کے خلاف نہیں ہوں، پی ٹی آئی نے فیٹف پر کچھ نہیں کیا اس میں کردار اسٹیبلشمنٹ کا ہے، فیٹف سے متعلق قانون سازی کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے حکومت اور اپوزیشن کو ایک میز پر بٹھایا تھا، پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں عمران خان پاگل ہے اس کو کوئی چیز سمجھ نہیں آتی ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیاپاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر صحافی و معاشی تجزیہ کار مہتاب حیدر سے بھی گفتگو کی گئی جبکہ میزبان شہزاد اقبال کا تجزیہ بھی پروگرام میں شامل تھا۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار مہتاب حیدر نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام بحالی کیلئے فیول کی سبسڈیز ختم کرنے کے ساتھ پی ڈی ایل لگانا اور پرسنل انکم ٹیکس بڑھانا تھا، حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو 47ارب روپے کا ریلیف دیا جو آئی ایم ایف معاہدے کے خلاف تھا، امید ہے اگلے ہفتے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان کچھ بات طے ہوجائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک کو معاشی طورپر تباہ کردیا، عمران خان کی باتیں سیاستدانوں والی نہیں ہوتی ہیں، کوئی سیاستدان یہ نہیں کہہ سکتا کہ مخالف سیاسی قیادت کو نہیں چھوڑوں گا، جمہوری نظام میں ممکن نہیں کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے ہاتھ ملانے کو تیار نہ ہو، سیاسی مخالفین کو ایک سال میں سزائیں دلوانے کیلئے باقاعدہ منصوبہ بنایا گیا جس کے تحت ریٹائرڈ سیشن ججوں کو ہائیکورٹ کے ججوں کے برابر مراعات دے کر عدالتوں میں لگایا جانا تھا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو محنت کر کے تقسیم کیا، ایک ٹرانسفر پوسٹنگ پر ایسے حالات پیدا کیے گئے جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے، عمران خان نے ایک تعیناتی کا معاملہ میڈیا میں لاکر اسے تماشا بنادیا، عمران خان فتنہ ہے یہ قوم کو تقسیم کرنا چاہتا ہے، پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں عمران خان پاگل ہے اس کو کوئی چیز سمجھ نہیں آتی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے صرف اسٹیبلشمنٹ نے کام کیا، فیٹف سے متعلق قانون سازی کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے حکومت اور اپوزیشن کو ایک میز پر بٹھایا تھا، اپوزیشن بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بننے کے باوجود اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ساتھ بیٹھی، فیٹف کے قانون پر پی ٹی آئی حکومت بھاگ جاتی تھی ان کو پکڑ کر لایا جاتا تھا، تحریک انصاف کے لوگ ہمیں عمران خان کے خیالات بتاتے تھے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور ملک کی بقا کیلئے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا ضروری تھا، ملک کی معاشی حالت ایسی نہیں کہ فوری الیکشن میں جایا جاتا، ن لیگ میں کسی کی اقتدار میں آنے کی خواہش نہیں تھی، نواز شریف اور پارٹی متفق تھی کہ الیکشن میں جانا چاہئے، اتحادی جماعتوں کے دلائل سننے کے بعد مدت پوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید