• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ نے ہی مسلط کیا‘ سراج الحق

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تینوں بڑی نام نہاد سیاسی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ نے ہی ملک پر مسلط کیا۔حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا، حکمرانوں نے اپنے اقتدار اور کرسی کے لئے ملک کا جغرافیہ تبدیل کیا۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے اور عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ملک میں لاکھوں نوجوان بے روزگار، غربت کی وجہ سے ساڑھے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ پاکستان کی 80فیصد سے زائد آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم، مگر حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہیں۔ موجودہ فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہر پاکستانی کے لئے لازم ہے۔ جماعت اسلامی واحد آپشن، عوام ساتھ دیں، ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر کے علاقہ میدان لعل قلعہ میں جماعت اسلامی کے مرکز اسلامی میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے جماعت اسلامی لوئر دیر کے ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری، تحصیل میدان کے امیر حاجی فضل وہاب، حاجی سعید گل، صاحب زادہ محمد یعقوب خان نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حالیہ بجٹ عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، 9205ارب کے بجٹ میں چار ہزار ارب سود جبکہ صرف 1800ارب ترقیاتی منصوبوں کے لئے ہیں۔ ان حالات میں بھی مراعات یافتہ طبقہ 2600ارب روپے کی سالانہ سبسڈی استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں۔ ملک کی معاشی اور تعلیمی سمیت دیگر پالیسیاں امریکہ اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنائی جاتی ہیں۔ ملک کی قسمت کے فیصلے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کررہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین بھی ان کی ہدایات پرکیا جاتا ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہونے کے باجود معاشی بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس ملک کے مسائل حل کرنے اور ملک کو معاشی بحرانوں نے نکالنے کی صلاحیت موجود ہے۔
اہم خبریں سے مزید