راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) مری کی 34 کلومیٹر کی سڑکوں کی کارپٹنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ جھیکاگلی سے بھوربن اور گل ڈنہ سے باڑیاں کی طرف جانے والی سڑک پر کام جاری ہے ۔ مری کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر راولپنڈی نور الامین مینگل نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو وڈیو لنک کے ذریعے مری کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران مری میں موجود رہیں گے جبکہ دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں ۔ ٹریفک کے حوالے سے مکمل پلان تیار کرلیا گیا ہے جبکہ ٹریفک سمیت دیگر انتظامات کی مانیٹرنگ کے لیے 2 کنٹرول روم قائم کیے جارہے ہیں۔ کنٹرول روم سترہ میل ٹول پلازہ کے قریب قریب جبکہ دوسرا جناح ہال مری میں ہوگا ۔ مری میں 8ہزار گاڑیوں کی گنجائش ہے اس بعد آنے والی گاڑیوں کو سترہ میل ٹول پلازہ پر روک کر واپس بھیج دیا جائے گا ۔ انہوں نےکہا کہ مری میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ریٹ لسٹیں آویزاں کے حوالے سے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ ناجائز منافع وصول کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔