• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز، یاسر شاہ، سرفراز، فہیم اشرف کی واپسی، شان کو بھی بلا لیا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) لیگ اسپنر یاسر شاہ مکمل فٹ ہونے اور فارم حاصل کرنے کے بعد سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں وکٹ کیپر محمد حارث کو کھلانے کا تجربہ ناکام رہا، سلیکٹرز نے ایک بار پھر سرفراز احمد کو طلب کرلیا۔ فہیم اشرف کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ انگلش سیزن میں شان مسعود کو بھی مسلسل اچھی کارکردگی کا صلہ مل گیا۔ پاکستان نے دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ حیران کن طور پر آف اسپنر ساجد خان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سری لنکا میں کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ نے 24 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو 1-2 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یاسر شاہ نے آخری مرتبہ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4224 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 88 وکٹیں بھی حاصل کرنے پر سلمان علی آغا منتخب ہوئے ہیں۔ انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز نے بھی انٹری کی ہے۔ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ۔ سیریز کیلئے تربیتی کیمپ 26 جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یاسر شاہ کی شمولیت سے ہمارا اسپن اٹیک مضبوط ہوا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف نتائج آئیڈیل نہیں تھے تاہم بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نے مہمان ٹیم کے خلاف بھی بہتر کرکٹ کھیلی تھی۔

اسپورٹس سے مزید