اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ امریکا کی کال پر بند کمرے میں بائیس کروڑ عوام کے فیصلے ہوں گے تو ملک نہیں چلے گا۔ بدھ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ طاقت سے ملک بند تو کر سکتے ہیں تاہم چلا نہیں سکتے، طاقتوں کے لیے یہی پیغام ہے کہ اب قوم بدل چکی اب آپ بھی بدلیں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ خرم دستگیر کا سب کو شکریہ ادا کرنا چاہیے انہوں نے سب کا ابہام دور کر دیا، انہوں نے کہا کہ ہم تو سزائیں دیکھ رہے تھے اس لیے عمران خان کو چھوڑ نہیں سکتے تھے۔ اسد عمر نے کہا کہ خرم دستگیر نے بتایا کہ جو آرمی چیف تبدیل ہونا تھا اس کے بعد آزاد عدالتیں اور احتساب نہیں بچنا تھا، اس کے بعد من مانی کر کے سب کو اندر پھینک دیا جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بند کمرے میں کچھ لوگ کبھی امریکا کی کال یا کبھی بغیر کال فیصلہ کرتے ہیں۔ عمران خان کی وجہ سے اس ملک میں سیاسی شعور آگیا ہے، یہ قوم بند کمروں کے سازشی فیصلوں کو قبول کرنے کو تیار نہیں، اس قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ حقیقی آزادی کے لیے نہیں رکیں گے۔