• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کا حکومتی اتحادی جماعتوں کو مشترکہ انتخابی نشان دینے کا مطالبہ

اسلام آباد(این این آئی)تحریک انصاف نے باہم مل کر ضمنی انتخاب لڑنے والی حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کو مشترکہ انتخابی نشان لوٹا تفویض کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں زیادہ تر انہی لوٹوں کو میدان میں اتارا ہے جنہیں کمیشن نے فلور کراسنگ پر نااہل کیا‘اس لئے ان کو لوٹے کا نشان ملنا چاہئے ۔پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر کو ایک کھلے خط کے ذریعے حکومتی اتحاد کو مشترکہ نشان الاٹ کرنے کی سفارش کی۔فواد چوہدری نے خط میں کہا کہ پاکستان سنگین کثیرالجہتی بحران سے گزر رہا ہے‘ گزشتہ عام انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف برسرِپیکار جماعتیں مرکز و صوبوں میں انتخابی اتحاد کی جانب بڑھ رہی ہیں اور اس سلسلے کا آغاز تحریک انصاف کے منتخب جمہوری وزیراعظم کے خلاف 8 مارچ 2022 کو عدمِ اعتماد کی تحریک کے ضمن میں ہوا۔اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں تاریخ کی بدترین ہارس ٹریڈنگ کا ڈول ڈالا گیا، ضمیر فروشی، ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کے سلسلہ جرم کی ابتدا مرکز سے ہوئی۔خط میں لکھا گیا کہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ، فلورکراسنگ اور ضمیرفروشی جیسی شرمناک رسم پروان چڑھانے والی ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے انتخابی اتحاد کا اعلان کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید