ٹوکیو (عرفان صدیقی) سنگارپور کی انجینئرنگ کمپنی کے پاکستانی سربراہ ڈاکٹر نسیم شہزاد بھی سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیوں کے معترف نکلے۔ یہ کمپنی ایشیاء کی سب سے بڑی اور دنیا کی 15؍ بڑی انجینئرنگ کمپنیوں میں شامل ہے جس کا سالانہ 25؍ ارب ڈالر کا ٹرن اوور ہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر نسیم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں ماضی میں اسحق ڈار نے بہترین معاشی پالیسیاں ترتیب دیکر پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالا اور یقین ہے وہ مستقبل میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نسیم شہزاد نے کہا کہ ان کی کمپنی کے دنیا کے پچپن سے زائد ممالک میں دفاترہیں جبکہ دنیا کے 70؍ سے زائد ممالک میں ان کے منصوبے زیر تکمیل ہیں ۔ ڈاکٹر نسیم شہزاد نے کہا کہ ماضی میں وہ میاں نواز شریف کو لاہور میں اسمارٹ سٹی کی تعمیر کا منصوبہ پیش کرچکے ہیں تاہم بعض مسائل کے سبب اس کا آغاز نہیں ہوسکا جبکہ کراچی میں وہ دنیا کی بہترین اور جدید ترین ہائی رائز بلڈنگ کریک مرینہ کی تعمیر کررہے ہیں جو آخری مراحل میں ہے۔