اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ٹرین مارچ ظالمانہ، کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خلاف جہاد ہے۔ قوم اپنے حق کے لئے اٹھے اور جماعت اسلامی کے احتجاج میں شامل ہو۔ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ غریبوں کے لئے دووقت کی روٹی کمانا مشکل ہو گیا ہے۔ دولت کے ڈھیر پر بیٹھے ظالم حکمرانوں نے عوام سے بنیادی ضروریات زندگی تک چھین لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں سکت نہیں رہی کہ اپنے بچوں کی فیسیں اور یوٹیلیٹی بلزادا کرسکیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے عوام کا سب کچھ چھین لیا۔ ایک طرف غریبوں اور مجبوروں کے فاقے اور دوسری جانب حکمرانوں کے قہقہے ہیں۔ لاکھوں نوجوان بے روزگار، ساڑھے تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے اسکولوں سے باہر، ملک کی 80فیصد آبادی صاف پانی تک کی سہولت سے محروم اور لوگوں کے پاس علاج کے لئے وسائل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین مارچ عوام کے حقوق کے لئے کر رہے ہیں۔ عوام اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لئے گھروں سے نکل کر اس جدوجہد میں شامل ہو جائیں۔ جماعت اسلامی قوم کو آئی ایم ایف سے چھٹکارا دلا کر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالے گی۔