لاہور(نمائندہ جنگ / جنگ نیوز) سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین کی طرف سے نئی جماعت بنانے اور الزامات لگائے جانے کے بعد مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام الزامات بے ہودہ ہیں، میں ان سب باتوں کا جواب گجرات جا کر وہاں عوام کے سامنے دوں گا۔وجاہت حسین کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ق کے صدر نے کہا کہ ان کا بیان بے ہودہ ہے، میرے چھوٹے بھائی وجاہت حسین نے ہمارے گھر گجرات میں لوگوں سے چند باتیں کی ہیں، آصف زرداری کے متعلق الزام تراشی کی گئی اور میرے بیٹوں پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ڈالر مانگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بیٹوں کی ایسی تربیت نہیں کی، میرے کہنے پر بچے فی الحال خاموش ہیں، میں نے تلقین کی ہے ہمیشہ وعدے کا پاس رکھنا ہے، میرے کہنے پر ہی اپوزیشن کے متفقہ امیدوار شہباز شریف کو ووٹ ڈالا گیا، ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی، آصف علی زرداری نے خود آکر ہمیں مبارک باد دی تھی۔چوہدری وجاہت حسین نے کہاکہ 30 جون تک اگر مسلم لیگ ن سے ہم نے اتحاد ختم نہ کیا تو وہ نئی جماعت بنا لیں گے۔ پاکستان میں پہلے بھی سینکڑوں پارٹیاں بنی ہوئی ہیں ایک اور بن جائے گی تو کیا فرق پڑے گا۔ بھائی نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کر دیا ہے، طارق بشیر چیمہ کے متعلق جو بیان دیا ہے وہ غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے، چوہدری وجاہت نےالزام لگایا ہے کہ میرے بیٹے مانگے تانگے کے وزیر بنے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی حلقہ نہیں ہے، میں وجاہت حسین کی باتوں کا جواب کسی وقت گجرات جا کر گجرات والوں کے سامنے دوں گا، چودھری وجاہت حسین کو بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے۔