کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری،ماڈل کالونی تاٹاور پیپلز بس سروس کا آغاز پیر سے ہوگا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری منصوبے کا افتتاح کریں گے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی سربراہی میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کر لیں شاہراہ فیصل پر بس سروس کے لئے اسٹاپ اور لین مارکنگ کا کام اتوار کو جاری رہا جبکہ روٹ کے راستے میں آنے والی مختلف چورنگیوں کو بسوں کے ماڈل اور پیڈسٹرین برجز کو بینر سے سجا دیا گیا ہے.
حکومت سندھ کے اعلامیے کے مطابقپیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کی افتتاحی تقریب دوپہر 12 بجے ہوگی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت سندھ کابینہ کے وزراء افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے پہلے مرحلے میں ماڈل کالونی تا ٹاور روٹ ون سے پیپلز بس سروس کا آغاز ہوگا کراچی کے لئے 7 روٹس بنائے گئے ہیں جن پر مرحلہ وار 240 بسیں چلائی جائیں گی۔
دریں اثناء شہریوں نے حکومت سندھ کے اس اقدام کو سراہا ہے اور کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے بہت سارے لوگوں کو اپنی ذاتی موٹر سائیکلیں اور دیگر گاڑیوں کوگھروں میں کھٹری کرنے پر مجبور کر دیا ہے ایسے میں حکومت کی جانب سے معیاری اور سستی ٹرانسپورٹ کی فراہمی ان کے لئے بہت فائدہ مند ہو گی۔