لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کرپشن فری اسلامی پاکستان کے لیے جدوجہد کررہی ہے سودی معیشت اور سودخوروں کے ہوتے ہوئے ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔ حکمرانوں نے اللہ اور اس کے رسول سے جنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تو ہم بھی ظالموں سے جنگ کریں گے ۔ سٹیٹ بنک اور دیگر پانچ کمرشل بنکوں کا وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنا آئین پاکستان سے بغاوت ۔ حکمرانوں نے استعمار اور آئی ایم ایف کی وفاداری میں تمام حدیں عبور کردیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید پچاس روپے مرحلہ وار اضافہ کے حکومتی فیصلہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں حکومت میں ہیں، صرف جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے۔ حکمران اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کرسکتے ہیں، قوم ان جاگیرداروں، وڈیروں، ظالم سرمایہ داروں اور سود خوروں سے حساب لے گی۔ علما ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے کردار ادا کریں۔ ، اللہ کے دین کو تخت پر لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سودی معیشت کے خلاف علماءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں ملک بھر سے مشائخ ، گدی نشینوں اور علماءکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔