• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کا بیان، اگلی سیاسی منزل کے بارے میں قیاس آرائیاں

اسلام آباد (تبصرہ /فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 2018 میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر اپنی شکست کا الزام پارٹی پر لگانے اور پھر اس بیان کی وضاحت کر دی ہے۔

اس کے باوجود سوشل میڈیا پر ان کے بیان کا پس منظر اور موجودہ حالات میں ان کی سیاست کے حوالے سے آراء اور چہ میگوئیوں کا آغاز بھی ہوگیا ہے جس میں ان کی اگلی سیاسی منزل کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ تاہم یہ استفسار اپنی جگہ پر بہرحال وزن رکھتا ہے کہ آخر شاہ محمود قریشی صاحب کو یہ سیاسی دکھ آخر چار سال بعد کیوں یاد آیا۔

شاہ محمود کا اپنی ہی پارٹی پر سازش کا الزام


ہر چند کہ وہ ملتان میں ضمنی الیکشن کی مہم کیلئے ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے اگر وہاں ان کا یہ چار سال پرانا ’’ سیاسی زخم‘‘ تازہ ہو بھی گیا تھا تو اس کی وجوہات کا اظہار انہوں نے ’’پارٹی کی سازش ‘‘ جیسے جن الفاظ میں کیا اس سے یقیناً تنظیمی سطح پر ہی نہیں بلکہ عوامی اور سیاسی سطح پر بھی اس کے اثرات کچھ اچھے مرتب نہیں ہوں گے۔بالخصوص ایک ایسے موقع پر جب چند دنوں بعد ضمنی انتخاب کا مرحلہ آنے والا ہے۔

بعض حلقے جن کا شمار ان کے مخالفین میں کیا جاتا ہے شاہ محمود قریشی کے اس بیان کے تناظر میں جو پیشگوئیاں، قیاس آرائیاں اور دعوے کر رہے ہیں کہ ایک ایسے موقعے پر جب تحریک انصاف کی حکومت ختم ہونے کے بعد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا کردار غیر معمولی سطح پر اہمیت اختیار کر رہا ہے تو وزیر خارجہ کے منصب سے محرومی ان کیلئے خاصی تکلیف دہ ہوگی۔

اس کیلئے وہ اپنی پرانی جماعت پیپلز پارٹی میں واپسی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ’’وزیراعظم‘‘ بننے کا انتظار بھی کرسکتے ہیں بشرطیہ کہ انہیں کوئی یقین دہانی یا قابل بھروسہ اشارہ مل جائے اور موجودہ بیان اسی خواہش کے طویل اور صبر آزما انتظار کی ابتدائی حکمت عملی بھی ہوسکتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید