وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں ’’کپتان‘‘ کی پارٹی کے درمیان پائی جانے والی ’’گروپ بندی‘‘ کے حوالہ سے کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں میں ’’اسٹیبلشمنٹ‘‘ کے بارے میں ’’بیانیے‘‘ کے معاملہ میں اختلافات محسوس کئے جارہے ہیں۔ ’’کپتان‘‘ اور اس کے بعض قریبی رفقاء تو مسلسل ’’اسٹیبلشمنٹ‘‘ کو دباؤ میں لانے کے فارمولہ کو ترجیح دے رہے ہیں۔
دوسرے گروپ میں شامل کے پی کے سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اور اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدہ پر رہنے والے پارٹی رہنما اپنے دیگر ساتھیوں کے ذریعے پارٹی کی کور کمیٹی میں ’’اسٹیبلشمنٹ‘‘ کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار کرنے کی راہ ہموار کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ’’مقتدر اداروں‘‘ سے وابستہ رہنے والے ریٹائرڈ اعلیٰ افسران بھی ’’درمیانی راہ‘‘ نکالنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بزدار حکومت کے افسران وعدہ معاف گواہ
وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں بزدار حکومت میں پرنسپل سیکرٹری کے عہدہ پر رہنے والے اعلیٰ بیورو کریٹ اور اسی دور میں سی ایم سیکرٹریٹ میں پی ایس او کے عہدہ کے ایک افسر کے حوالہ سے کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ مذکورہ دونوں افسران وزارت داخلہ کو بزدار حکومت کے دور میں ہونے والی کرپشن اور بدعنوانیوں کے بارے میں ’’دستاویزی ثبوت‘‘ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ کے اندراج کے بعد یہ معلومات سامنے آئی تھیں کہ ان کے پرنسپل سیکرٹری کا نہ صرف خاتون اول کی دوست کے ہاں اکثر آنا جانا تھا بلکہ بنی گالہ سے جاری ہونے والی ہدایات بھی براہ راست اس کو ہی کی جاتی تھیں۔ نئے مقدمات کے لئے وہ ’’وعدہ معاف‘‘ گواہ بننے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔
پراپرٹی مافیا سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران
صوبائی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں ’’پراپرٹی مافیا‘‘ سے تعلق رکھنے والے بعض پولیس افسران کے بارے میں کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک اعلیٰ پولیس افسر کے بھائی نے ایک بڑے پراپرٹی ٹائیکون کے ساتھ مل کر ’’فرنٹ مین‘‘ کے طور پر ایک ’’پراجیکٹ‘‘ بنانے میں کمال کا ہاتھ دکھایا ہے۔
اعلیٰ پولیس افسر کے اختیارات کی وجہ سے ان کے بھائی نے پراجیکٹ کے مالک سے اپنا خطیر رقم کا حصہ بھی وصول کیا ہے اور اراضی کے خریدنے کے معاملات میں بھی مذکورہ پراپرٹی ٹائیکون کو بھاری رقم کا ’’چونا‘‘ بھی لگایا ہے۔ مذکورہ پولیس افسر کا بھائی اس طرح کے بیشتر معاملات میں اپنا کام دکھا رہا ہے۔