کراچی (نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سابق صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں اہم سیاسی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر سندھ بلوچستان کے مابین پانی کی تقسیم کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی وزیراعلئ بلوچستان نے سابق صدر سے دونوں صوبوں کے مابین پانی کے مسلئہ پر کردار ادا کرنے کی درخواست کی سابق صدر نے یقین دلایا کہ دونوں صوبوں کے درمیان پانی کے مسئلہ کو افہام وتفہیم سے حل کر لیا جائیگااور بلوچستان کے ساتھ پانی کی فراہمی کے حوالے سے سندھ کی جانب سے کوئی زیادتی نہیں ہونے دی جائیگی سابق صدر نے بلوچستان میں سیاسی ہم آہنگی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کو خراجتحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام پر پختہ یقین رکھتی ہے اس موقع پر وزیراعلئ نے بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور آئیندہ مالی کے بجٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔