• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفت بجلی پیکیج، الیکشن کمیشن کا حمزہ شہباز کو نوٹس، پیکیج کیخلاف PTI کا سپریم کورٹ کو خط، محنت کریں، حسد نہ کریں، مریم نواز

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) پنجاب میں ضمنی انتخابات سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو نوٹس بھیج دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق پنجاب میں 100 یونٹ فری بجلی کے سبسڈی ریلیف پیکج پر الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو نوٹس بھیجا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو7 جولائی کو طلب کیا ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ پنجاب کے20 حلقوں میں انتخابات کےشیڈول کا اعلان 25 مئی کو کیا گیا تھا، منتخب نمائندہ یا سرکاری اور حکومتی عہدیدار الیکشن شیڈول کے بعد ترقیاتی اسکیم کا اعلان نہیں کرسکتا۔ادھرتحریک انصاف نے پنجاب حکومت کی جانب سے 100 یونٹ مفت بجلی کے اعلان پر سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا۔پی ٹی آئی کے سینئرمرکزی نائب صدر فواد چوہدری کی جانب سے سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز کا ریلیف پیکیج محدود اختیارات سے تجاوزاورضمنی انتخابات کی شفافیت پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے‘ حمزہ شہباز نے عدالتِ عظمی کے واضح احکامات اور انتخابی ضابط اخلاق کو پیروں تلے روند دیا ہے‘خط میں کہاگیاہے کہ پنجاب کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعلیٰ کا فارمولا سیاسی فوائدکے لیے ہے‘یہ فیصلہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔انہوںنے کہاکہ حمزہ کا مفت بجلی دینے کا پیکج ایک جعلی پیکج ہے، اس کا مقصد عدالت سے حاصل ریلیف کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنا ہے۔پاکستان کی تباہ معاشی صورت حال میں ایسے کسی پیکج کی کوئی گنجائش نہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز نے تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے 100 یونٹ فری بجلی کے اعلان پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفت بجلی کااقدام عدالتوں میں لے جانے کی بجائے کے پی میں ناداروں کو مفت بجلی دیں‘محنت کریں ‘حسد نہ کریں ۔منگل کو اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں غریب کو مفت بجلی دینے کا احسن اقدام کیا گیا ہے‘خیبرپختونخوا حکومت کو فتنہ خان کوپالنے اور اس کاخرچ اٹھانے کیلئے رکھاہواہے؟ محنت کریں، حسد نہ کریں۔

اہم خبریں سے مزید