گوادر (نامہ نگار) گوادر میں موسم گرما کی پہلی بارش شہریوں کے لئے زحمت بن گئی۔ نظام زندگی مفلوج، بجلی کے درجنوں کھمبے زمین بوس، شہر کی تمام سڑکیں تالاب میں تبدیل، اہم تجارتی مراکز میں کئی فٹ پانی جمع، بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوادر میں بھی مون سون نے اپنا رنگ دکھانا شروع کیا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ اچانک موسلا دھار بارش شروع ہوئی جو قریب ایک گھنٹے تک برستی رہی۔ بارش تھم جانے کے بعد گوادر شہر کی تمام سڑکوں سمیت شہر کے اہم تجارتی مراکز ملا فاضل چوک اور جنت بازار سمیت نشیبی علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ بارش کے بعد ترقی کے افق پر نمودار گوادر شہر میں نکاسی آب کے نظام کا ایک مرتبہ پھر پول کھل گیا ہے۔ نکاسی آب کا مربوط اور پائیدار نظام موجود نہ ہونے کے سبب معمول کی بارشیں شہریوں کے لئے رحمت کی بجائے زحمت بن گئی ہیں اور بارشوں کا پانی نشیبی علاقوں میں واقع گھروں اور سید ہاشمی ایونیو پر واقع دکانوں کے اندر داخل ہوگیا۔ درایں اثناء تیز ہواؤں کے چلنے کے سبب بجلی کے درجنوں کھمبے سمیت کارواٹ میں نصب 132 کے وی کا ٹاور بھی زمین بوس ہوگیا۔ بجلی کے کھمبے گرنے کے نتیجے میں گوادر شہر میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔ بجلی کے کھمبے گرنے کی وجہ سے سٹی فیڈر متاثر ہوگئی ہے۔