اسلام آباد (وقائع نگار‘ کامرس رپورٹر) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی‘ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے انتخابات میں پرویز شوکت کو بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے الگ الگ پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پرویز شوکت اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کی حمایت کی ہے اور ہمیشہ حمایت کرتی رہے گی۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (ورکرز) کے انتخابات میں پرویز شوکت کو بلا مقابلہ صدر اور شاہد علی سیکرٹری جنرل اور دیگر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ پرویز شوکت اور دیگر عہدیداران کا بلا مقابلہ منتخب ہونا کارکنوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ پرویز شوکت حقیقی مزدور لیڈر ہیں جو گزشتہ چار دہائیوں سے اخباری کارکنوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ نیئر بخاری نے کہا کہ اخباری صنعت کے منافع سے لیبر قوانین کے تحت ویج بورڈ ایوارڈ میں اضافہ کارکنوں کا حق ہے۔ میڈیا مالکان کارکنوں کے حقوق فراہمی کو یقینی بنائیں اور یونین عہدیداران اپنے اپنے اداروں کی ترقی کیلئے دل و جان سے محنت کو شعار بنائیں۔ نیئر بخاری نے ملک بھر کے اخباری کارکنوں کے اعتماد کو پرویز شوکت کی کارکنوں کیلئے محنت اور خدمت کا صلہ قرار دیا ہے۔