اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر بریک واٹر پراجیکٹ میں تاخیر کو مجرما نہ تاخیر قرار دیتے ہوئے اس معاملہ کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں توانائی سے لے کر بنیادی ڈھانچہ کے ہر منصوبہ میں تاخیر کا بھاری نقصان ہوا۔ گوادر کی تعمیر و ترقی ملک کے تابناک مستقبل کی ضامن ہے،بلوچستان کی پسماندگی کو خوشحالی میں بدلنا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور میرا مشن ہے۔ آج ایک اجلاس کے دوران میں نے گوادر بریک واٹر پراجیکٹ میں مجرمانہ غفلت پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر سخت پریشانی ہوتی ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے 445 ملین ڈالر گرانٹ، 484 ملین ڈالر کے سافٹ لون (سہولتی قرضے) اور فزیبلٹی کی موجودگی کے باوجود اس منصوبہ کو نظر انداز کیا۔