اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔ ہم زرعی شعبے میں خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے ہیں۔ کسانوں کیلئے مارکیٹ تک رسائی میں مشکلات ختم کریں گے۔ ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بنیاد پر اقدامات کئے، بروقت اقدامات نہ کرتے تو ڈالر کی قیمت تین سو تک پہنچ جاتی اور ملک میں پٹرول کی قیمت پانچ سو روپے لیٹر سے بڑھ جاتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیلی نار پاکستان کے زیراہتمام زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق ایگری ٹیک رپورٹ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا 2013میں تمام صوبوں سے ملکر وژن 2025بنانا چاہتے تھے کہ پاکستان دنیا کی پہلی پچیس معیشتوں میں شامل ہو۔ 2017 میں بڑے ممالک کے سفیر سی پیک میں سرمایہ کاری کیلئے رابطہ کر رہے تھے 2018 میں تبدیلی آئی تو آج ترقیاتی بجٹ میں کٹ لگ چکا ہے۔