کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کے انتخابات نہ کرانے پر فیڈریشن کے صدر بریگیڈ یئر(ر) خالد سجاد کھوکھر، سکریٹری آصف باجوہ اور خزانچی محمد اخلاق کو ان کے عہدوں سے فارغ کردیا ہے۔ پی ایس بی کے ڈائریکٹرنیشنل فیڈریشنزمیاں سید واحد نے ڈی جی کرنل (ر) آصف زمان کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق ہاکی فیڈریشن کے انتخابات 15مئی 2018کو ہوئے تھے جن میں صدر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری شہباز احمد سینئر اورخزانچی محمداخلاق 4سال کیلئے منتخب ہوئے تھے۔2019 میں شہباز سینئر کے مستعفی ہونے پر آصف باجوہ کو بطور سیکرٹری پی ایچ ایف نامزد کیا گیا تھا۔ پی ایچ ایف حکام کی 4 سالہ آئینی مدت 2 ماہ پہلے 14مئی 2022کو ختم ہو گئی تھی اور انتخابات نہیں کرائے گئے جو قومی اسپورٹس پالیسی 2005ء کی خلاف ورزی ہے۔ دو ماہ گزر جانے کے باوجود انتخابات نہ کرانے پر ہاکی فیڈریشن حکام ڈی نوٹیفائی کر دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین جمعرات کو ہالینڈ سے لاہور پہنچ گئے۔ انہوں نے کامن ویلتھ گیمز کیلئے کیمپ میں ذمے داری سنبھال لی ہے۔ پہلے سیشن میں انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کی پیشگی مبارک باد دی۔ شام کے سیشن میں انہوں نے کھلاڑیوں کو پریکٹس کرائی اورفزیکل فٹنس کا بھی جائزہ لیا، دریں اثناء پاکستان ہاکی فیڈریشن نےہاکی کیمپ میں عید کی چھٹی صرف دو دن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیمپ جمعے کو صبح کے سیشن کے بعد ختم کردیا جائے گا، کھلاڑی نو اور دس جولائی کو عید منانے کے بعد 11جولائی کو دوبارہ کیمپ میں رپورٹ کرینگے۔