• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادارے پر فخر ہے‘ غلط فیصلوں کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے‘ شیخ رشید

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں اپنے ادارے پر فخر ہے‘ غلط فیصلوں کو درست کیا جاسکتا ہے‘ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں گینگ آف تھری کے ساتھ ہے، اصل ڈی ڈے 17جولائی کو ہے ،اگلے 45دن اہم ہیں‘ اکتوبر نومبر میں الیکشن دیکھ رہا ہوں، تحریک انصاف پنجاب کے ضمنی الیکشن میں اکثریت حاصل کرے گی‘ اگر کسی نے جھرلو پھیرا تو پھرمرلو ہوجائے گا‘ضمنی انتخابات کے بعد ملک میں کہرام بھی ہوسکتا ہے خوبصورت انجام بھی ہوسکتا ہے۔جمعرات کو ایک ٹی وی انٹرویو میں شیخ رشید کاکہنا تھا کہ مرکزاس وقت بالکل کنارے پرلگا ہوا ہے، سارا ملبہ ن لیگ کی حکومت پر گررہا ہے، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمن کا نام تک نہیں ہے، بلاول وزیرخارجہ بننے کے بعدکبھی دفتر نہیں گیا، ہم نے مشاورت سے فیصلے کیے انہیں قبول نہیں کیا گیا، بعض اوقات اداروں کی سوچ مختلف اور منتخب نمائندوں کی رائے مختلف ہوتی ہے، عمران خان نے بار بار کہا میں روس مشاورت سے گیا مگر کسی نے اس کی سپورٹ نہیں کی، ن لیگ کا لکشمی چوک میں سیاسی جنازہ نکلنے والا ہے، عوام جس طرح عمران خان کے جلسوں میں شرکت کررہی ہے اسی طرح الیکشن کے دن نکلے تو سیاست کا فیصلہ اسی مہینے ہوجائے گا، جولائی کے مہینے میں اہم فیصلے ہوسکتے ہیں۔ اداروں کا وقار بلند کرنا ہماری ذمہ داری ہے‘بدقسمتی سے سازش کے تحت سارا ملبہ اداروں پر گرایا جارہا ہے، جن سامراجی طاقتوں نے یہ پلان بنایا وہ بہت بیوقوف تھے،عمران خان مزید مضبوط اور مقبول ہوگیا ہے، عوام موجودہ حکومت سے بھرپور نفرت کا اظہار کررہے ہیں۔عمران خان بات کرے یا اسٹیبلشمنٹ بات کرے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہمیں اداروں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں، چھ نمبر کا ریگ مال نہیں لگا تو عمران خان عوام میں بہتر پوزیشن میں ہے۔ کوئی حادثہ نہیں ہوا تو تین چار مہینے میں ملک کے حالات بہتر ہوجائیں گے۔

ملک بھر سے سے مزید