ارما صغیر
عید الاضحی کے موقع پر یقیناً گھر کی آرائش کے ساتھ ساتھ آپ نے اپنی ملبوسات کی تیاری بھی کرلی ہو گی۔ لیکن جو سب سے زیادہ مشکل ہوتی ہوگی وہ ہے، میک اپ۔ آج کل گرمی بھی بہت زیادہ ہے ایسے میں سمجھ نہیں آتا کہ کیسا میک اپ کریں۔ ہم نے سوچا کیوں نہ اس پریشانی میں آپ کی مدد کردیں۔ ذیل میں ہم آپ کو مختلف آئی میک اپ کے بارے میں بتا رہے ہیں ،انہیں آزمائیں اور منفرد نظر آئیں۔
……آئی میک اَپ ……
موسم گرم ہے ا س لیے ہمارا مشورہ ہے کہ میک اَپ ہلکا پھلکا کریں، البتہ توجہ دیں آئی میک اَپ پر کیوں کہ آنکھیں ہی بولتی ہیں۔ بظاہر آئی شیڈز اور کاجل آنکھوں پر لگا ہوتا ہے لیکن اسے لگانے میں بھی مہارت ضروری ہے۔ بازار میں کئی اقسام کے شیڈز دست یاب ہیں۔ آپ اپنی آنکھوں اور چہرے کی رنگت کو مدنظر رکھتے ہوئے رنگوں کا انتخاب کریں۔
آنکھوں کا میک اپ کرنا ہر خاتون کونہیں آتا لیکن چند چیزوں کا خیال رکھیں گی تو یقیناً آپ اچھا آئی میک اَپ کرسکتی ہیں۔ سب سے پہلے اپنی آنکھوں کی بناوٹ پرغورکریں۔ مثلاً: بڑی ہیں یا چھوٹی، گول ہیں یا لمبوتری وغیرہ ۔لیکن جیسی بھی ہوں، بس گہرے رنگوں کے شیڈ زلگانے سے اجتناب کریں۔ ہلکا گلابی، برائون، آسمانی یا اسکن رنگ کے شیڈز لگائیں۔
آنکھوں کے میک اپ کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ کوئی سے بھی تین گہرے، درمیانے اور ہلکے رنگ کے آئی شیڈز لیں، سب سے پہلے ہلکا رنگ بھنوؤں کی نچلی سطح پر لگائیں، درمیانہ رنگ پپوٹوں کے درمیان میں لگا کر ہلکے رنگ کا ٹچ دیں۔ پلکوں کے ساتھ ساتھ گہرا رنگ بہت پتلا سا لگائیں۔ اس کے اوپر لائنر لگا ئیں۔ اگر آپ ایک ہی رنگ استعمال کرنا چاہتی ہیں، تو اس کے تین شیڈ ز(ایک ہی رنگ کے) گہرا، درمیانہ اور ہلکا لگائیں۔
…اسموکی آئی میک اپ…
اس میں دو رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، پہلا رنگ بیس ہوتا ہے، جب کہ دوسرا رنگ اس سے ہلکا ہوتا ہے۔ عموماً کالے اور سرمئی آئی شیڈو سے آنکھوں کو اسموکی بنایا جاتا ہے، ان شیڈز کو ملا کر پپوٹوں پر لائنر کی طرح تھوڑا موٹا لگائیں، اسے برش کی مدد سے نفاست سے باہر کی جانب پھیلائیں، بھنوؤں کے نیچے لائٹ گولڈن شیڈ لگائیں۔ یہ میک اپ رات کی دعوت میں بہت اچھا لگتا ہے۔
مون لائٹ آئی میک اپ
یہ ٹھنڈا میک اپ کہلاتا ہے، جو دن اور رات، دونوں میں کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے بھنوؤں کے نچلے حصے پر سلور ہائی لائٹر اور سلورشیڈ بیس کے طور پر لگائیں۔ اس کے بعد نیلا یا فیروزی شیڈ لگا کر ہلکا سا سلور شیڈ لگائیں یہ آنکھوں پر بہت اچھا لگے گا ۔
آنکھوں کامیک اپ کرتے ہوئے … چند باتوں کا خیال رکھیں…
پپوٹوں پر آئی شیڈ لگانے کے بعد اس کو اچھی طرح بلینڈ کریں۔ اگرآپ کے پاس برش نہیں، تو کاٹن بڈ کی مدد سے بھی شیڈز کو بلینڈ کیا جا سکتا ہے۔بھنوؤں کی نچلی سطح پر کبھی بھی گہرے رنگ کا شیڈ استعمال نہ کریں، بہتر ہوگا کہ ہلکا زرد یا سنہری رنگ لگائیں۔ شیڈز کا بہت زیادہ استعمال ہر گز نہ کریں۔ آج کل کاجل فیشن میں ہے۔
اگر آپ آنکھوں کے نیچے دن میں ہلکا اور رات میں گہرا کاجل لگائیں تو آنکھیں چھوٹی ہوں یا بڑی، خوب صورت لگیں گی۔ عید کی دعوت میں آئی میک اَپ کر کے صرف لپ اسٹک لگائیں، پھر دیکھیں حُسن کیسے نکھرتا ہے۔ اور ہر کوئی آپ کے میک اپ کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے گا۔