کوئٹہ(خ ن)ایڈمنسٹریٹر میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ جبار بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر کوئٹہ میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا کام جاری ہے، کلی شابوزئی اور کلی شابو میں بند نالیوں کو کھول دیاگیا اور صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا ،صوبائی حکومت اور محکمہ پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ کو آفت زدہ قراردے دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلی شابوزئی اور کلی شابو کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ اس موقع پر بی این پی کے رہنما و رکن اسمبلی احمد نواز بلوچ‘چیف سینیٹینشن افسرانور لہڑی‘ نوید بلوچ ودیگر بھی موجود تھے‘ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے کہا کہ کوئٹہ کو آفت زدہ قراردینے کے بعد مختلف علاقوں میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور شہر کے جن علاقوں میں نالیاں بند ہیں ان کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، گزشتہ روز کلی شابوزئی اور کلی شابو میں بند نالیوں کو میٹروپولٹین کارپوریشن انتظامیہ نے کھول دیا اور ریلیف کا کام بدستور جاری ہے ۔میٹروپولٹین عملہ دن رات شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا نظام بہتر بنا رہا ہے اور جلد ہی شہر کو صاف ستھرا بنایا جائے گا۔