اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اور اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی کرپشن مخالفین کو غداری سے لنک کر کے اور چور کا جھوٹا بیانیہ بنا کر چھُپ نہیں سکتی۔منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں عوامی سمندر کی موجودگی ثبوت ہے کہ عمران صاحب تاریخ کا ایک سیاہ باب بن چکے ہیں، عوامی فیصلے کے تحت 11 اپریل کو انقلاب آچکا ہے۔ 17 جولائی کو مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اس حقیقت کو مزید پختہ کرے گی،ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال میں 70 سال سے زیادہ 20 ہزار ارب روپے کا قرض لینے والا آج معیشت کا رونا رو رہا ہے، عمران کے جھوٹ سن کر ‘مسٹر فراڈئیے’ والا کردار یاد آ جاتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پاکستان کی معاشی خودمختاری اور خود انحصاری کے لئے سرگرم عمل ہے ، بھکاری آپ تھے جس نے پاکستان کو ملنے والی گھڑیاں تک چند کروڑ کمانے کے لئے فرخت کر دیں،شرم آپ کو آنی چاہئے کہ سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف کا معاہدہ کیا، اتحادی حکومت نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کی سازش ناکام بنا دی ، آپ جھوٹ بولتے رہیں، شہباز شریف، ان کے بھائی اور ان کے اتحادی پاکستان کو معاشی خود انحصاری، ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔ عمران خان کی گفتگو کا معیار نہ سیاسی لیڈر کا ہے اور نہ ہی ایک حیا دار انسان کا، مزاحیہ ڈراموں میں حصہ لینا چاہئے۔ آپ چار سال حکومت میں تھے، آپ نے کیا کیا؟ اب کیوں رو رہے ہیں؟ چیخیں کیوں مار رہے ہیں؟