راولپنڈی (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں اگلے 45روز بہت اہم ہیں، بارہ جماعتوں کے اتحاد نے غیرجمہوری حربے اختیار کر کے حکومت لےتو لی لیکن اب اپنے بوجھ تلے خود ہی دب رہے ہیں۔ بارش کے باوجود پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والے عمران خان کے تاریخی جلسوں نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہے اگر سترہ جولائی کو ادارے پارٹی نہ بنے تو جیت کپتان کی ہوگی، لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پوری قوم کو عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل انتخابات ہیں اگر مزیدتاخیر کی گئی تو ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے،صباح نیوز کے مطابق ایک ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے حکمرانوں کا اپنا خاندان بھی ایک پیج پر نہیں ہے، اہم فیصلے پر نوازشریف ایک طرف اور شہباز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان دوسری طرف ہیں۔