کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری سے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی، مشکل فیصلوں کے بعد استحکام آرہا ہے ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان ، تحریک انصاف کے رہنما آفتاب جہانگیر اور وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی بھی شریک تھے۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کم از کم 100روپے فی لیٹر کمی ہونی چاہئے،جی ایس ٹی اور پٹرولیم لیوی ختم کردیا جائے تو پٹرول 70روپے فی لیٹر مل سکتا ہے،عمران خان قوم کو بتائیں مسٹر ایکس اور وائے کون ہیں، کراچی کو بچانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا ہوگا، تباہی کے باوجود وزیراعظم کراچی گئے نہ بلاول بھٹو نظر آئے ۔ آفتاب جہانگیرنے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سب جماعتوں کوا یک میز پر آنا ہوگا، پنجاب کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے، پٹرول کی قیمتوں میں کم از کم 75سے 100روپے کمی ہونی چاہئے، عمران خان جس مسٹرا یکس اوروائے کی بات کررہے ہیں وہی ہیں جن کا ذکرن لیگ کرتی تھی۔وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں بارشوں سے قبل مجموعی طور پر نالوں کی صفائی بہتر طور پر کی گئی، پچھلی بارشوں میں کراچی کے جو علاقے ڈوب جاتے تھے حالیہ بارشوں میں وہاں پانی جمع نہیں ہوا، کراچی کے اکثر علاقوں میں سیوریج کی لائنیں چوک ہوگئی ہیں جنہیں کھولنے کی کوشش کررہے ہیں۔میزبان حامد میر نے کہا کہ مجھ پر حملہ ہوا تو میں نے سپریم کورٹ کے سامنے جاکر جنرل ظہیر الاسلام کا نام لیا تھا جو آج کل راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔