لاہور( نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے ملک میں آگ لگنے کا بیان دینے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن حناپرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید کی جانب سے دوسری بار ملک میں آگ لگنے کا بیان قابل مذمت ہے ،شیخ رشید اس سے قبل 25مئی کے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے متعلق بھی ایسا بیان دے چکے ہیں،پنجاب میں ضمنی انتخابات کا پرامن اور شفاف انعقاد الیکشن کمیشن اور حکومت کی ذمہ داری ہے،الیکشن سے قبل ہی انتشار پر مبنی بیانات الیکشن پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہے،شیخ رشید کے متشدد پسند بیانات کا فوری نوٹس لیا جائے۔