اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہےکہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے عمران خان کو بے نقاب کردیا،حکومت تبدیلی کو سازشی بیانیے کا رنگ دینا انتہائی شرمناک ہے، آئین مجروح کرنے کی کوشش کی گئی، وزیر داخلہ راناثناء اللہ نےکہاہےکہ عمران خان نے آئین کےساتھ فراڈ کیا، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے کام شروع، صدر کو اخلاقی طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے،وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹراعظم نذیر تارڑاوروزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر الزمان کائرہ نے کہاہےکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ روشن مثال کے طور پر یاد رکھا جائیگا، اب معاملے کا جائزہ لینا حکومت کی ذمہ داری ہے،وفاقی وزراء کاکہناہےکہ عمرا ن خان نیازی کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے،یہ اپنے مفادات کی خاطر قومی مفادات کو نقصان پہنچا سکتا ہے،اس نے قومی اداروں کیخلاف منظم مہم کے ذریعہ ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا آگے بڑھایا۔جمعرات کو اپنےپیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ انتہائی شرمناک ہے کہ عمران خان نے آئین کو مجروح کرنے کی کوشش کی اور حکومت کی تبدیلی سے متعلق جھوٹ گھڑا۔ انہوں نے کہا کہ معزز عدالت کا فیصلہ پڑھنا سب کےلئے ضروری ہے ۔پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف ازخود نوٹس کا فیصلہ ایک تاریخ ساز فیصلہ ہے ، عدالت عظمی کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اوروزیر قانون کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس بھیجنے کے عمل پرکام شروع کر دیا ہے ، عدالتی فیصلے کے بعد عمرا ن خان نیازی کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے ،عمران خان گٹھیا سے گٹھیا سطح پر جا کر بھی اپنے مفادات کی خاطر قومی مفادات کو نقصان پہنچا سکتا ہے ،میری رائے ہے کہ آرٹیکل 6 کے ساتھ ساتھ سپیکر قومی اسمبلی بھی عمران خان سمیت پی ٹی آئی والوں کے خلاف نااہلی ریفرنس بھجوائیں ، عمران خان نے دو صوبوں کے وسائل کے ساتھ مسلح جتھے کے ساتھ اسلام آباد پر چڑھائی کی اس کا بھی جواب دینا ہوگا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف ازخود نوٹس کا فیصلہ ایک تاریخ ساز فیصلہ ہے ،ایسے فیصلے قوموں کی سمت کا تعین کرتے ہیں ، اس فیصلے نے آج پاکستان میں آئین کی حکمرانی ،عوام کے حق حاکمیت پر مہر ثبت کی ہے، اس بات کا بھی تعین کیا ہے کہ آئین میں جو بھی اختیارات ہیں وہ پاکستان کے عوام کی مقدس امانت ہے ، اس کو منتخب اراکین کےذریعے بروئے کار لایاجاسکتا ہے ، ایسا عمل جو اس مقدس امانت کے استعمال میں خیانت کے مترادف ہو اس کی سزا کیا ہے اور اس طرح قابل مواخذہ ہیں ، یہ سب کچھ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں احسن طریقے سے بیان ہے، فیصلے کے اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق حکومت کے اہم لوگوں نے آئین کی صریحا خلاف ورزی کی ہے، سابق وزیراعظم، سپیکر ،ڈپٹی سپیکر ، وزیر قانون سمیت 5 اہم شخصیات نے ملک کے آئین کے ساتھ فراڈ کیا ہے ،اس سے بڑا جرم اور نہیں ہے ، آرٹیکل 5،6 میں اس کی سزا بھی درج ہے ، میرا مطالبہ ہے کہ اعلی شخصیت کو اس فیصلے کے بعد اپنے اعلی عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے تیار ہوں، کسی چھوٹے موٹے مقدمے میں گرفتار نہیں کرنا چاہتے ،بڑے جرائم میں کابینہ کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کی اجازت ملے تو گرفتاری سے گریز نہیں کرینگے ۔ پی آئی ڈی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹراعظم نذیر تارڑاوروزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر الزمان کائرہ نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دینے کے عدالت عظمی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں اس فیصلے کو روشن مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا ،عدالت عظمی نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ کہ آرٹیکل 5 کی صریحا خلاف ورزی ہوئی ہے، آرٹیکل 6 کے مطابق کارروائی حکومت وقت کا کام ہے ، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عدالتی فیصلے کا جائزہ لے ،اس معاملے میں آرٹیکل6کے تحت کارروائی کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی ۔