راولپنڈی(وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی سیف سٹی اورسی پی اوآفس کیلئے سالانہ ترقیاتی فنڈ میں 50کروڑروپے مختص کردیئے گئے ،مختص کی گئی رقم سے پانچ سال سے التواء کاشکار دونوں عمارتوں کے تعمیراتی کام کی تکمیل اور سیف سٹی سنٹرکے لئے ایکویمپنٹ کی خرید اری کی جائے گی ۔ 2017 میں سی پی اوآفس راولپنڈی کی پرانی عمارت کومنہدم کرکے پندرہ کنال اراضی پرنئے دفاتر جبکہ اس سے متصل 26کنال کے پلاٹ پرسیف سٹی کمانڈاینڈکنٹرول سنٹر کی تعمیر کاکام شروع کیاگیاتھا جس میں کورڈایریا68مرلے پرمحیط ہے ،منصوبے کے مطابق اس سنٹرمیں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کاکنٹرول سنٹر،ریسکیو1122، ریسکیو15اور راولپنڈی پولیس کا نیوزمانیٹرنگ سنٹربھی بنایاجاناتھا، جولائی 2018میں دونوں عمارتوں کاڈھانچا تقریباً80فی صد بنالیاگیالیکن بعدازاں حکومت کی تبدیلی کے بعد اس منصوبے کو نظراندازکردیاگیا اورگزشتہ چارسال کے دوران اس کے لئے فنڈزجاری نہیں کیے گئے، اس وقت سے سی پی اوآفس عارضی طورپرپولیس لائن میں کام کررہاہے جہاں پولیس فورس کی رہائش کے لئے بنائی گئی بارکوں میں دفاتر قائم کئے جانے سے ملازمین کومشکلات کاسامناہے۔ذرائع کاکہناہے آئی جی پولیس پنجاب راؤسردار علی خان کی ذاتی کوششوں سے 2022،23کے اینول ڈویلپمنٹ فنڈ میں اس منصوبہ کے لئے پانچ سوملین کی رقم مختص کی گئی ہے ۔