لاہور(مقصود اعوان) پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق پر مشتمل پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد نے 22جولائی کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں اپنے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی کامیابی کے لیے حکمت عملی طے کر لی ہے، دوسری طرف آصف زرداری نے پرویز الہٰی کو حکومتی امیدوار بنانے کی پیشکش کردی ہے ،ادھروزیر اعظم میاں شہباز شریف نے فون پر رابطہ کرکے چوہدری شجاعت حسین سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کے اپوزیشن کے کچھ ارکان کو اسمبلی اجلاس میں شرکت سے روکنے کے بیان کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان کو ممکنہ گرفتاریوں اور حکومتی حربوں سے بچانے کے لیے اجلاس سے قبل محفوظ مقامات پر اکٹھے رکھنے کا پروگرام بنایا گیا ہے تاکہ اپوزیشن ارکان حکومتی دسترس سے دور رہیں ۔ گزشتہ روز آصف علی زرداری مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کرنے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا اور چوہدری شجاعت حسین کو چوہدری پرویز الہٰی کو منانے کے درخواست کی اور کہا کہ آپ کے تعاون سے ہی حکومت آگے چل سکتی ہے ،میں چوہدری پرویز الہیٰ کو حکومتی امیدوار بنانے کے لیے وزیر اعظم سے بات کرنے کو تیار ہوں ورنہ آپ حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے میں سپورٹ کریں اور پارٹی کے ارکان کو انہیں ووٹ دینے کی ہدایت کریں چوہدری شجاعت حسین نے اس پر خاموشی اختیار کی ۔ آصف علی زرداری سے ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین کے خاندان کے افراد بھی ملاقات میں شامل تھے۔ بند کمرے میں ہونے والی یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ آصف علی زرداری ملاقات کے بعد مسکراتے اور فتح کا نشان بناتے ہوئے واپس روانہ ہوئے۔