لاہور(نمائندہ جنگ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ آئی بی کو بھی پولیس کی طرح استعمال کر کے ہمارے ارکان اسمبلی کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پارلیمانی لیڈرمحمودالرشید نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے ہمیں 14ووٹوں کی برتری حاصل ہے، ن لیگ، بیورو کریٹس اور پولیس کو وارننگ دیتا ہوں کہ کوئی غیر قانونی کام نہ کریں۔پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید، سبطین خان، علی عباس اور دیگر کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز اس قابل ہی نہیں رہا کہ سیاست کر سکے،ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، مفتاح کا مفتا لگا ہوا ہے، ابھی بھی آئی ایم ایف سے انہیں کچھ نہیں ملا۔ شریفوں نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، مریم صفدر نے الیکشن میں ہار تسلیم کر کے بڑا اچھا بیان دیا، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہم 5 بندے یہاں وہاں کر دیں گے جو عدالتی حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، اس حوالے سے ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ 22 جولائی کو سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ سب سے پہلے وزیراعلیٰ کا الیکشن کروایا جائے۔