• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،جرگہ کی کوششیں رنگ لے آئی،دشمنی دوستی میں بدل گئی

پشاور(جنگ نیوز)الحاج ملک طارق اعوان کی سربراہی میں ہونیوالے گرینڈ مصالحتی جرگے کی کامیاب کوششوں سے دشمنی دوستی میں بدل گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں، عرفان شہزاد، عادل خان، دانش خان پسران عبد القادر اعوان گروپ اور فضل داد خان و زر ولی خان پسران زرداد خان وگل نبی خان گروپ کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکز ی ممبر کونسل اور صدارتی نیشنل امن ایوارڈ تافتہ الحاج ملک طارق اعوان (جرگہ چیئرمین)کی سربراہی میں گرینڈ جرگہ تشکیل دیا گیا۔ جرگہ کے دیگر اراکین میں حاجی ملک جہانزیب اعوان المعاروف حاجی جان، حاجی فرزند علی وزیر (پاکستان پیپلز پارٹی)، حاجی ظاہر علی شاہ (تبلیغی جماعت)نعمان خان آف چغل پورہ اور دیگرشامل تھے۔گرینڈ جرگہ عبد القادر اعوان (مرحوم) ، چغل پورہ کے حجرے میں منعقد ہوا۔ جس میں تحصیل چپمکنی کے چئرمین ارباب عمر، ملک زرداد جہانگیر اعوان، جمال خان آف دوران پور، سعید خان آف چغل پورہ، سابقہ ناظم وسیم نواز، جاؤید خان آف چغل پورہ، ڈی ایس پی عمر دراز خان، پولیس انسپکٹر ہارون جدون اور بڑی تعدا د میں علاقہ مکین اور مشران نے شرکت کی۔جرگہ میں دونوں فریقین کلمہ طیبہ پڑھ کربغل گیر ہو گئے اورایک دوسرے کو فی سبیل اللہ معاف کر کے آئندہ بھائیوں کی طرح رہنے کا عزم کیا۔جرگہ سے الحاج ملک طارق اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں امن اور بھائی چارہ کا درس دیتا ہے۔ ہمیں آپس میں بھائی چارہ قائم رکھنا چاہیے اور تمام اختلاف بھُلا کر پیار محبت سے امن و سکون کے ساتھ زندگی بسر کرنی چاہیے۔
پشاور سے مزید