اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمٰن کی خواتین سے متعلق گفتگو پر کڑی تنقید کی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ فضل الرحمٰن کے خواتین کے بارے میں استعمال کئے گئے الفاظ سے جعلی لبرلز کو کوئی مسئلہ نہیں، فواد چوہدری نے انہیں ماہر نفسیات سے مشورہ کرنے کی سفارش کی جبکہ کنول شوذب کا کہنا ہے کہ تتلیاں زرداری اور شریف کے گھرانوں میں بیٹھی ہوئی ہیں۔ فضل الرحمٰن نے جو زبان تحریک انصاف کی خواتین اور ووٹرز کیلئے استعمال کی اس پر ان کو شرم آنی چاہئے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ فضل الرحمٰن کے خواتین کے بارے میں استعمال کئے گئے الفاظ سے جعلی لبرلز کو کوئی مسئلہ نہیں، ان الفاظ سے نہ ہی بلاول اور ان سے ہراسمنٹ کی شکایت لگانے والی باجیوں کو کوئی مسئلہ ہوگا کیونکہ تحریک انصاف کی خواتین کے متعلق بدزبانی ہو رہی ہے۔