اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت نے اپنے ممبران کو وہی ہدایات جاری کیں جو عمران خان نے جاری کی تھیں، عمران خان کی دھونس دھمکی اور گالی سے آئین اور قانون نہیں بدلا جا سکتا، رولنگ عمران صاحب کے حق میں ہو تو آئینی اور حمزہ شہباز کے حق میں ہو تو غیر آئینی، عمران صاحب کا جھوٹ، فساد اور منافقت ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کو چار سال لوٹا جا رہا تھا، عوام کے روزگار پر ڈاکہ ڈالا جا رہا تھا، ملک میں معاشی تباہی ہو رہی تھی۔