• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کی قیادت کو زرداری صاحب سے معذرت کرنی چاہیے، وزیر اعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آصف علی زرداری سے اس قدر خوف زدہ ہے کہ جب وہ انہیں سیاسی رہنماؤں سے ملتے دیکھتے ہیں تو چیخنے چلانے لگ جاتے ہیں۔ جب ان کا امیدوار 186 ووٹ نہیں لے پاتا تو کیا اس کا الزام آپ آصف علی زرداری پرلگائیں گے، لہٰذا پی ٹی آئی کی قیادت کو زرداری صاحب سے معذرت کرنی چاہیے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگلا میئر پی پی پی کا ہوگا، فیصلہ پارٹی کرے گی کہ کون میئر ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گلستان جوہر میں چکورہ نالہ کے مقام پر شہر کے مختلف اسٹارم واٹر ڈرینز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ . وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات ناصر شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری ملک کے معروف سیاستدان ہیں ،جنہوں نے جمہوریت اور جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لیے مفاہمت کی سیاست کو اپنایا اور ملک میں استحکام لائے۔ ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک بے بنیاد الزام ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرائے ۔ ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ زیر تعمیر شادمان نالہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے جس میں ایک خاندان کے ساتھ ایک المناک واقعہ پیش آیا جس سے مجھے دلی رنج اور افسوس ہے ۔آپ جانتے ہیں کہ ہمیں قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا اور ایسی صورت حال میں لوگوں کو باہر جانے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس واقعے کا دفاع نہیں کر رہے لیکن ایسے وقت میں بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کو گھروں میں محفوظ رہنے کو ترجیح دینا چاہیے ۔ ایسا ہی ایک واقعہ جہاں ایک بچہ بارش کے پانی سے بھری کوئلے کی کان میں پھنس کر جاں بحق ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے خاندان کا سربراہ ہونے کے ناطے قدرتی آفات جیسے حالات میں اپنے خاندانوں کی حفاظت کرنی چاہیے۔

اہم خبریں سے مزید