اسلام آباد(ایجنسیاں)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے 5سابق صدور نے نے چیف جسٹس پاکستان عمرعطابندیال سے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی آرٹیکل63اےکی تشریح کےبارےمیں نظر ثانی کی درخواست کیلئےفل کورٹ بنوایاجائے اور اہم ترین آئینی مقدمات کا تمام فریقین کو سن کر یکجا فیصلہ کیاجائے۔ یہ مطالبہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے سابق صدور عبدالطیف آفریدی، محمد یاسین آزاد، فضل حق عباسی ، کامران مرتضی اور سید قلب حسن نے مشترکہ طور پر کیا ۔ اپنے مشترکہ بیان میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب اور آرٹیکل 63اے کی تشریح کے بارے میں سپریم کورٹ میں زیرالتواسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نظر ثانی کی درخواست کو فل کورٹ میں بھجوایا جائے تاکہ ان اہم ترین آئینی مقدمات کا تمام فریقین کو سن کر ایک ساتھ فیصلہ کیاجائے۔