کراچی /ٹنڈو جام (اسٹاف رپورٹر / نامہ نگار) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اپنے نجی دورے پر دبئی گئے اور شیڈول کے مطابق واپس آجائیں گے ، پروپیگنڈہ پی ٹی آئی کی عادت بن گئی اور ملک سے بھاگنا اور بھگانا پی ٹی آئی کا کام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ویڈیو بیان میں کیا جبکہ شرجیل میمن کی ہدایت پر ٹنڈوجام تحصیل حیدرآباد دیہی کے علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ چند لوٹے جو پی ٹی آئی میں آئے ہیں یہ ان کی خواہش ہوسکتی ہے، صدر آصف علی زرداری اپنے نجی دورے پر دبئی گئے ہیں ، اپنی سالگرہ وہ اپنے نواسے اور فیملی کے ساتھ منانے کیلئے دبئی گئے ، پی ٹی آئی کے لیڈر پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ، یہ ان لوگوں کی عادت بن گئی ہے،ملک سے بھاگنے اور لوگوں کو بھگانا پی ٹی آئی کے لوگوں کی عادت ہے۔