اسلام آباد (صالح ظافر) پی ڈی ایم جمعرات کو ہونے والے اپنے اجلاس میں نون لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی جانب سے پیش کیے گئے اس خیال پر غور کرے گی کہ حکومت فوراً چھوڑ دی جائے اور ملک میں نئے انتخابات کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ نواز شریف نے اسٹرٹیجک حکمت عملی مرتب کی ہے کہ حکومت چھوڑ دی جائے۔ مولانا فضل الرحمان اجلاس کی صدارت کریں گے اور نواز شریف ویڈیو سے خطاب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عدلیہ کے پنجاب حکومت کے حوالے سے فیصلے نے نواز شریف کو مجبور کر دیا ہے کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے اپنا موقف سخت کیا جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز، بلاول بھٹو، شاہد خاقان عباسی، طارق بشیر چیمہ، اکرم خان درانی، احسن اقبال، نوید قمر، سینیٹر غفور حیدری، امیر حیدر خان ہوتی، زین بگٹی، آفتاب شیرپائو، محمد خان اچکزئی، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی، محسن داوڑ، آغا حسن بلوچ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری شرکت کرینگے۔ ذرائع کے مطابق، پی ڈی ایم قیادت گزشتہ چار ماہ کے دوران مختلف اداروں کے رویے، ملک کی معاشی صورتحال، 9؍ اپریل کو پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو جمع کرائے گئے استعفوں کے معاملے پر بھی بات چیت کریگی۔ اجلاس میں ہونے والی بحث میں لنک سے آصف زرداری سے بھی مشاورت کی جائے گی جبکہ نئے انتخابات کے حوالے سے عوامی سطح پر مہم شروع کرنے پر بھی بات ہوگی۔