لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نرم و گرم مداخلت کے مطالبات کی بجائے سیاست دان آپس میں مکالمہ کریں۔ اصلاحات کے بغیر انتخابات سے مسائل ختم نہیں ،ملک میں ناختم ہونے والی لڑائی شروع ہو جائے گی۔ ادارے متنازع بنا دیے گئے، عوام کا جمہوریت پر یقین اٹھ رہا ہے، مرکزی و صوبائی حکومتیں لوگوں کی مشکلات حل کرنے پر توجہ دیں۔ حکمرانوں کو ایک دن اللہ کی عدالت میں بھی پیش ہونا ہے جہاں ان کا کوئی ووٹر یا سپورٹر نہیں ہو گا۔ ملک مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔