کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپن بولنگ کے سامنے بیٹنگ لائن کی خراب کارکردگی کے باعث پاکستانی ٹیم سری لنکا میں سیریز جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی ۔ جے سوریا اور مینڈس نے بیٹرز کی کمزوریاں بے نقاب کردیں۔ اوپر تلے9وکٹیں گرنے کے باعث دوسرے ٹیسٹ میں246رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوئی۔ اسپنرز نے دس میں سے9وکٹ حاصل کئے۔ دھننجیا ڈی سلوان نے پہلی اننگز میں33اور دوسری اننگز میں109رنز بنائے اور ایک وکٹ حاصل کی انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز میں17وکٹ لینے والے پرباتھ جے سوریا کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ سری لنکا نے پہلا ٹیسٹ ہارنے کے باوجود سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ لنچ سے25منٹ قبل پاکستان کو تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ وقفے کے بعد ٹیم دوسری اننگز میں261رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ امام الحق صبح جلد آئوٹ ہوگئے اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان79رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ رضوان کے بولڈ ہوتے ہی پرباتھ جے سوریا نے بساط پلٹ دی اور117رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے میچ میں8کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انہوں نے چوتھے ٹیسٹ میں چوتھی بار اننگز میں پانچ شکار کیے۔ رمیش مینڈس نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کئے تھے انہوں نے101رنز کے عوض چار وکٹ حاصل کئے۔ دونوں بولروں نے85رنز پر سات وکٹ حاصل کئے۔ فواد عالم رن آئوٹ ہوئے ۔ کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر مزاحمت کی اور146گیندوں پر سب سے زیادہ81رنز بنائے ۔ ان کا ایک کیچ78رنز پر دھننجیا نے ڈراپ ہوا جبکہ34پر ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل بھی مسترد ہوئی تھی۔ میچ کے آخری روز پاکستان کو میچ نے اپنی دوسری اننگز 89رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اوپنر امام الحق 46اور بابر اعظم 26رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم97کے مجموعی اسکور پر اوپنر 49رنز بنا کر رمیش مینڈس کا شکار بن گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان37، فواد عالم 1، سلمان آغا 4، محمد نواز 12، یاسر شاہ 27، حسن علی 11اور نسیم شاہ 18رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ فواد عالم نے خود کشی کی اور رن آئوٹ ہوگئے۔ سلمان آغا کر اس بیٹ سے کھیلتے ہوئے کیچ ہوگئے۔ یاسر شاہ نے ایک بار پھر اعتماد سے بیٹنگ کی اور27رنز25گیندوں پر بنائے ۔ قبل ازیں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 231رنز بنا سکا تھا جبکہ سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 360رنز 8کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو 508رنز کا ہدف دیا تھا۔