عارفہ شفیق
شاید ہی کسی آئینے نے کسی عورت سے کہا ہو کہ تم بدصورت ہو ۔ دنیا کی ہر عورت حسین ہے اور حسین تر بننا ہر عورت کا حق ہے لیکن سوال یہ ہے کہ، خوبصورتی کیسے بر قرار رکھیں ،یہ تو عمر کے ساتھ ڈھلتی جاتی ہے۔ پریشان نہ ہو ہم بتاتے ہیں، اسے برقرار رکھنے کے چند آزمودہ نسخے۔ انہیں آزما کرآپ بھی خوبصورت نظرآسکتی ہیں۔
٭…ابلے ہوئے دودھ کو ٹھنڈا کر کے روئی کے ٹکڑے کی مدد سے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونےکے بعد دھولیں۔ چہرے کی دل کشی اور چمک کے لیے بہترین ٹانک کاکام کرے گا۔
٭…جو کے آٹے میں ایک چائے کا چمچہ بالائی اور تھوڑی سی ہلدی ملا کر پیسٹ بنا لیں پھرا س کو چہرے پر لگائیں اور پندرہ منٹ بعد پانی سے چہرہ دھولیں ۔رنگ گورا کرنے کے لیے یہ بہترین نسخہ ہے۔
٭…آنکھوں کی تھکن ختم کرنے کے لیے ایک چائے کاچمچہ ٹھنڈے پانی میں کچھ دیر ڈالیں اسے آنکھوں کی گولائی کے ساتھ ملا کر سکون سے آنکھیں بند کر کے لیٹ جائیں۔ یہ عمل دونوں آنکھوں پر کئی مرتبہ دہرائیں ۔آنکھوں کی سوجن میں خاطر خواہ فرق پڑے گا۔
٭…زیتون کے تیل میں چند قطرے لیموں ملا کر چہرے پر لگانے سے چمک بحال، دل کشی اور نکھار پیدا ہوتا ہے۔
٭…گرم پانی میں تھوڑا سا نمک ملا کر روئی کے ٹکڑے اس میں بھگو کرآنکھوں پر رکھیں اس سے آنکھوں کی سوجن اور تھکن ختم ہوجاتی ہے۔
٭…دودھ اور سیب کے استعمال سے چہرے پر موجود جھائیاں ختم ہوجاتی ہیں۔ نیند پوری ہونے سے بھی حسن میں اضافہ ہوتا ہے۔
٭…پینے کا پانی جب اُبالیں تواس میں چند پودینے کے پتے بھی ڈال دیں ۔اس سے پیٹ صاف اور چہرے کی جلد خوبصورت ہوتی ہے۔
٭…ا یک پیالی دودھ میں ا س سے( دودھ سے ) زیادہ پانی ملا کر چہرے پر چھینٹے ماریں ۔تھوڑی دیر بعد ٹشو پیپر سے صاف کر لیں۔یہ آپ کی جلد کو موئسچرائزر کا کام دے گا۔
……مساج……
مساج تھکاوٹ دور کرکے تازگی وتوانائی پیدا کرتا ہے ۔اس کی بنیاد روغن ہے۔ ایک اچھا مساج نہ صرف بنیادی روغنوں کو جذب کرتا ہےبلکہ دوران خون کو بھی بڑھاتا ہے ۔اس طرح جلد کے خلیوں میں تازہ خون شامل ہوجاتا ہے۔
مساج کا طریقہ :چہرے پر انگلیوں کی حرکت سے ناک کے دائیں ، بائیں ،نیچے، اوپر اور گولائی میں رخساروں، ٹھوڑی، پیشانی کے اردگرد اور گردن کے آگے پیچھے مساج کریں۔ یہ آپ کی جلد کی صحت اور حسن میں مزید اضافے کا باعث ہوگا۔ اس سے آپ کو تازگی وتوانائی کا احساس ہوگا۔ اس کے لیے چند نسخے درج ذیل ہیں، جو آپ کے رنگ روپ اورجلد کے لیے نہایت مفید و کار آمد ہیں۔
٭… اراروٹ اورعرقِ گلاب کا ماسک ہفتے میں ایک بار چہرے پر ضرور لگائیں۔یہ ماسک چہرے کے مسامات کو صاف کرتا ہے۔
ترکیب : اراروٹ ایک پیالی گرم پانی میں ڈال کر پیسٹ بنالیں ٭…عرق ِگلاب کا ایک قطرہ اور تھوڑا سا روغن بادام اس میں شامل کرلیں ،پھراس کو پورے چہرے پر لگائیں بعدازاں روئی کے پیڈ کو عرق گلاب میں بھگو کر دس منٹ چہرے پر رکھیں ،پھر چہرے کو دھولیں۔
٭…مساج کے لیے چکنی اور خشک جلد کی مناسبت سے روغن کا انتخاب کریں۔
……لوشن لگانے کا طریقہ……
کسی بھی معیاری لوشن کو ایک بار پورے چہرے پر لگائیں اور جب یہ چہرے کی جلد میں جذب ہوجائے تو دوبارہ لگائیں۔ ا س کے بعد ایک چھوٹے تولیے کو کھولتے ہوئے پانی میں بھگوئیں جب یہ قابل برداشت حد تک ٹھنڈا ہوجائے تو اسے نچوڑ کرچہرے پر رکھیں۔ دس منٹ بعد ہٹا کر منہ دھولیں۔ خوبصورت اور حسین نظر آنے کے لیے ضروری نہیں کہ آپ مہنگے مہنگے پارلر ز کا رخ کریں بلکہ گھر پر تھوڑی سی محنت کر کے آپ ناصرف خود کو خوبصورت بنا سکتی ہیں بلکہ پیسہ اور وقت بھی بچا سکتی ہیں۔
سبزیوں اور پھلوں کی مددسے آپ کی جلد کو قدرتی طور پر دیگر مسائل سے نجات مل سکتی ہے ۔یہ طریقہ سستا بھی ہےا ور بآسانی مل بھی جاتا ہے ۔بس آپ کو صرف اتنا کرنا ہے کہ سب سے پہلے اپنی جلد کا درست تعین کریں ،تاکہ اس کے حساب سے آپ اپنے لیے ماسک تیار کرسکیں۔ اس کا اثر ہمیشہ آپ کو اپنی صاف، شفاف اور چمک دار جلد کی صورت میں نظرآئے گا۔ اس کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کے حُسن کو چار چاند لگانے والی اشیا آپ کے کچن میں بآسانی مل جاتی ہیں۔