• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران جھوٹ کا پیکر، شہباز شریف، تینوں جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیس اکٹھے سنے جائیں، عمران خان

اسلام آباد (این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ عمران نیازی کیخلاف سنگین فرد جرم ہے۔ جبکہ عمران خان مطالبہ کیا ہے کہ تینوں جماعتوں کے فارن فنڈنگ کے کیس اکٹھے سنائے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ معتبر عالمی ادارے فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے، پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ، غیر قانونی بھاری رقوم کی ترسیل کے حقائق بے نقاب کر دیئے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ رپورٹ میں بیان کردہ ٹھوس حقائق چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ عمران نیازی جھوٹ، تضادات اور منافقت کا پیکر ہے۔ دوسری جانب فارن فنڈنگ کیس سے متعلق عمران خان نے کہا کہ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن تینوں جماعتوں کا کیس ایک ساتھ سنے ، یہ ثابت کرکے بتائیں انکے پاس پیسہ کیسے آیا؟

پیپلزپارٹی نے امریکا میں ایمبیسی کے فنڈ سے پیسے لیے، نوازشریف نے ایل ڈی اے کے اربوں روپے کے پلاٹس لوگوں کو دیے، لاہور ہائیکورٹ نے پلاٹس پر کیس سننا شروع کیا تو انہوں نے ججز کو پلاٹس رشوت دیکر کیس ختم کرایا، عدالت پر حملہ ہوا، بریف کیس پہنچایا گیا، انکی تاریخ ہے، ان کو عدلیہ کنٹرول میں چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ میڈیا پر پیسے چلاتے تھے، نیب کو اور ایف آئی اے کو کنٹرول میں لیا، میڈیا پر جو لوگ انکی کرپشن پر مضمون لکھتے تھے وہ اب انکا دفاع کر رہے ہیں، جنرل ضیاء اور جنرل مشرف کا دور ان دونوں کے دور سے بہتر تھا، زرداری اور شریفوں کی کرپشن پر کتابیں لکھی گئی ہیں، کیا کرپشن کیخلاف صرف میں نے ٹھیکہ لیا ہے اور کسی کی ذمہ داری نہیں؟

عمران خان نے کہا کہ یہ این آر او لینے ہی آئے تھے، جب میں وزیر اعظم بنا تو پہلے دن انھوں نے مجھے تقریر نہیں کرنے دی، ان کو پتہ تھا کہ میں نے این آر او نہیں دینا اس لیے پہلے دن سے مخالف تھے۔

اہم خبریں سے مزید