• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان،فوجی ہیلی کاپٹر لاپتا، کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران سوار، لسبیلہ میں سیلاب متاثرین کے امدادی مشن پر تھے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی،کراچی(مانیٹرنگ نیوز ، نیوز ڈیسک) آئی ایس پی آرکا کہناہےکہ بلوچستان میں فوجی ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا جس میںکور کمانڈرکوئٹہ سمیت 6افسران سوار ، افسران لسبیلہ میں سیلاب متاثرین کے امدادی مشن پر تھے۔

 کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی و دیگر کے فوجی ہیلی کاپٹرکا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ لسبیلہ سے کراچی آتے ہوئے منقطع ہوا، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد اور 12کور کے انجینئر بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہ اور چیف نائیک مدثر شامل، صدر مملکت فوجی افسران کی حفاظت ا ور سرچ آپریشن کی کامیابی کیلئے دعاگو، وزیر اعظم کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہونے پراظہار تشویش،چیئرمین پی ٹی آئی کاکہناہےکہ پریشان کن خبر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کررہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں فلڈ ریلیف آپریشن میں مصروف تھا، ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد اور 12 کور کے انجینئر بریگیڈیئر خالد سوار ہیں،ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہٰ اورکریو میں چیف نائیک مدثر بھی شامل ہیں،ہیلی کاپٹر کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔

صدرمملکت عارف علوی نے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 صدرمملکت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عارف علوی نے کمانڈر 12 کور اور دیگر فوجی افسران کی حفاظت کیلئے دعا کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر عارف علوی سرچ آپریشن کی کامیابی کیلئے بھی دعا گو ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئےکہاکہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویش ناک ہے، پوری قوم اللّٰہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لیے دعا گو ہے، ان شاء اللّٰہ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بیان بھی سامنے آگیا ،ان کا کہنا ہےکہ ’پریشان کن خبر ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا ہے، میں اس میں سوار تمام افراد کیلئے دعا گو ہوں۔

اہم خبریں سے مزید