• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیڈ کوچ فیڈریشن پر برس پڑے، جدید سامان نہ پیسے، پاکستان ہاکی پتھر کے دور میں ہے، ایکمین

برمنگھم ( نمائندہ خصوصی) قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین پاکستان ہاکی فیڈریشن پر برس پڑے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے شکوہ کیا کہ انہیں اب تک معاوضے کی بڑی رقم بھی نہیں ملی ہے، جبکہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پچھلی اور کامن ویلتھ گیمز کے ڈیلی الائونس بھی نہیں دیے گئے ہیں۔ پاکستان کس طرح کامیابی حاصل کرسکتا ہے، کھلاڑیوں کے پاس جدید سامان بھی نہیں ہے، پاکستانی ہاکی اس وقت پتھر کے دور کی نظر آتی ہے، کھلاڑیوں کے مالی مسائل اس قدر ہیں کہ ان کو کسی قسم کی ذہنی آسودگی حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے، میں جس حد تک سکھا سکتا ہوں اور ان کی خامیوں کو دور کرنے کیلئے کام کرسکتا ہوں وہ کر رہا ہوں، مجھے امید ہے کہ ایک سال میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی ٹاپ ٹین میں آجائے گی، پاکستان میں ہاکی کو ترقی دینے کے لئے انقلابی اقدامات کرنا ہوں گے، اس کے بغیر اس کھیل میں بہتری نہیں آسکے گی۔ دوسری جانب ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم ایونٹ سے باہر نہیں ہوئے ، اسکاٹ لینڈ کے خلاف بدھ کا میچ ہمارے مستقبل کے حوالے سے بہت اہم ہے، فتح حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے، اس میچ کو جیت کر سفر جاری رکھ سکتے ہیں، ہمیں گول کے چانس سے فائدہ اٹھانا ہوگا، نیوزی لینڈ کے خلاف جیت سکتے تھے ، جو ٹیم تین اوپن چانسز سمیت چار گول ضائع کرے ، وہ کیسے جیت سکتی ہے۔

اسپورٹس سے مزید