برمنگھم ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے ٹیکنیکل کمیٹی کی غلطی کے سبب باکسر زوہیب رشید کی عدم شر کت پر انٹر نیشنل باکسنگ فیڈریشن اور کامن ویلتھ گیمز کمیٹی سے احتجاج کیا ہے ۔ فلائی ویٹ کیٹگری کا پہلا راؤنڈ پیر کو ہوا ۔ زوہیب ٹیکنیکل مندوبین کی جانب سے ڈراز میں نام شامل نہ کرنے پر گیمز سے باہر ہوگئے۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے نوٹس میں معاملہ لائے جانے پر پاکستان کو بتایا گیا کہ غلطی ہوگئی ہے ۔ تاہم تین دن تک معاملے کو طول دینےکے باوجود غلطی کو درست نہیں کیا گیا اور مقابلے کے دن آرگنائزنگ کمیٹی نے جواب دیا کہباکسر کو جگہ نہیں دی جا سکتی۔ پی بی ایف کے سیکرٹری کرنل ناصر تنگ نے کہا کہ ’’یہ انتہائی مایوس کن ہے، یہ اس کھلاڑی کے لیے ذہنی اذیت ہے جو کسی اور کی غلطی کی وجہ سے تین دن تک غیر یقینی صورتحال میں رہا۔ انہوں نے ناانصافی کی ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کامن ویلتھ فیڈریشن کو خط لکھے گا اور کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کے ذریعے منتظمین سے ہرجانے کا مطالبہ بھی کرے گا۔